پی ٹی آئی گزشتہ حکومتوں کو قصور وار ٹھہرا رہی ہے،ایمل ولی
پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ملک پر دو سال تک اور پختونخوا میں سات سال برسراقتدار پی ٹی آئی حکومت گزشتہ حکومتوں کو قصوار ٹھہرا رہی ہے،سات سالوں کے دوران تبدیلی سرکار صوبہ بھر میں ایک نیا کالج یا ہسپتال نہیں بنا سکی،آج بھی پی ٹی آئی اینڈ کو عوامی نیشنل پارٹی کے منصوبوں پر تختیاں چسپاں کررہی ہے۔ بڈھ بیر پشاور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار غضنفر خان کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ مثالی ٹیم کے دعوے کرنے والے کپتان کا ہر کھلاڑی نالائق ثابت ہورہا ہے،یہی وجہ ہے کہ آئے روز نہ صرف کپتان اپنے ٹیم میں تبدیلیاں کررہا ہے بلکہ نااہل ٹیم کی وجہ سے تمام عہدے یا تو ریٹائرڈ بیوروکریٹس میں تقسیم کیے جارہے ہیں یا فوجی افسران میں۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ کپتان کی نئی تعیناتیوں سے ادارے تباہی کے دہانے پر کھڑے ہوگئے ہیں،کورونا سے نمٹنے کی صلاحیت میں پاکستان 100 ملکوں کی فہرست سے بھی نکل چکا ہے۔عالمی اداروں کا ایک رپورٹ ہی کپتان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ کپتان نے ملک کو اس حد تک تباہ کردیا ہے کہ اب تباہ کرنے کیلئے بھی کچھ نہیں بچا،آنے والی حکومتیں بھی بمشکل اس قابل ہوگی کہ وہ ملک کو اگلے 10سالوں میں بھی پرانے پاکستان کی ٹریک پر ڈال سکیں،کیونکہ پرانے پاکستان میں اورنج لائن،گرین لائن اور میٹرو لائن کی باتیں ہوتی تھی جبکہ نئے پاکستان میں آٹا لائن،چینی لائن،پٹرول لائن اور بارہ ہزار لائن کی باتیں ہورہی ہے۔