ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا
ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

  

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ تین ماہ سے انتہائی احتیاط کررہے تھے اور ایس او پیز پر عمل درآمد بھی یقینی بنا رہے تھے۔رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کے مطابق کورونا مثبت دوست سے چند لمحوں کی ملاقات نے کورونا وائرس کو موقع فراہم کردیا۔قرنطینہ میں جانے والے رکن قومی اسمبلی کے مطابق وہ اپنا مدافعتی نظام طاقتور بنانے کے لیے اچھی خوراک لے رہے ہیں۔

نیوز چینل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسملبی کے مطابق وہ خدا کے فضل اور لوگوں کی دعاؤں کی بدولت مہلک وبا کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ڈاکٹر رمیش کمار نے قوم سے اپیل کی ہے کہ ان کی جلد اورمکمل صحتیابی کے لیے انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھے۔

ہم نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اب تک کے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 44 اراکین پارلیمنٹ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جب کہ پانچ اراکین پارلیمنٹ دار فانی سے کوچ بھی کرچکے ہیں۔اس وقت کے اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے دس، سینیٹ کے چار، پنجاب اسمبلی کے پانچ، سندھ اسمبلی کے 12، خیبرپختونخوا اسمبلی کے آٹھ اور بلوچستان اسمبلی کے پانچ اراکین کورونا کا نشانہ بن چکے تھے۔

عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی وجہ سے چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ایک ایک رکن جہان فانی سے کوچ کرگئے تھے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف، سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال، پی ایم ایل (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ و وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں ہیں۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے گزشتہ روز اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ لگتا ہے کہ ممبران کی بڑی تعداد بیمار ہو جائے گی۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -کورونا وائرس -