”عمران خان صاحب پٹرول پر عمر ایوب اور ندیم بابر کو مثال عبرت بنا دیں آگے تین سال۔۔۔“سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے بڑا مطالبہ کر دیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )اس ماہ کے آغاز میں حکومت کی جانب سے پٹرول سستا کیا گیا لیکن ساتھ ہی پٹرول کا بحران پیداہو گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس دوران پمپس پر کورونا کیخلاف حکومتی ایس او پیز کی شدید خلاف ورزی دیکھنے میں آئی۔
شدید پٹرول بحران کے باعث وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیااور فوری کارروائی کا حکم دیا ، ہدایات کے بعد اوگرا نے حکرت میں آتے ہوئے مختلف کمپنیوں کو بھاری جرمانے کیے جس کے بعد اب پٹرول کی سپلائی کافی حد تک بحال ہو چکی ہے ۔
اس بحران سے قبل چینی اور آٹا اور گندم بحران نے سر اٹھایا اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب اس معاملے پر سینئر صحافی ارشاد بھٹی کافی ناراض دکھائی دیتے ہیں اور انہوں نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے بڑا مطالبہ کر دیاہے ۔
ارشاد بھٹی کا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ ”اگرآٹا،گندم لٹُ مارکرنےوالے اپنے پرائے حوالاتوں میں ہوتے تو چینی کا مصنوعی بحران پیدا نہ ہوتا،اگرچینی اپنے پرائے مجرم عہدوں سے ہٹ چکے ہوتے اور جیلوں میں ہوتے تو آج پٹرول سب کو مل رہاہوتا ، وزیراعظم عمران خان صاحب ابھی پٹرول پرعمرایوب،ندیم بابرکو مثال عبرت بنادیں،آگے3سال کوئی بحران نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ اوگرا کی جانب سے تیل کا مقررہ ذخیرہ نہ رکھنے پر 5 آئل کمپنیوں کو مجموعی طور پر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے پوما انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کو 50 لاکھ روپے، شیل پاکستان کو تیل کا سٹاک نہ رکھنے پر ایک کروڑ روپے ، لائسنس شرائط کی خلاف ورزی پر ٹوٹل پارکو لمیٹڈ کو ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔