پاکستان میں بننے والے موبائل فونز سستے ہوئے یا مہنگے ؟ بجٹ میں اعلان کردیا گیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت کی جانب سے پاکستان میں بننے والے موبائل فونز پر سیلز ٹیکس میں کمی کردی گئی ہے جس کی وجہ سے یہ درآمدی فونز سے سستے داموں دستیاب ہوں گے۔
وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں موبائل فون بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پاکستان میں موبائل فون بنانے کیلیےسیلزٹیکس میں کمی کی جارہی ہے، جو موبائل فونز پاکستان میں تیار کیے جائیں گے ان پر سیلز ٹیکس میں کمی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں موبائل فون پروڈکشن اور اسمبلنگ میں 126 فیصد اضافہ ہواہے۔پاکستان میں 2019 میں ایک کروڑ 17 لاکھ موبائل فون تیار کیےگئے،جن میں سے 70 ہزار4G موبائل تیار کیےگئے،. اس صنعت میں گزشتہ سال 3 ہزار200 افراد کوروزگارملا جبکہ موبائل فون کی کمرشل درآمد میں سالانہ بنیادوں پر 26 فیصد اضافے اور موبائل رجسٹریشن کے نظام کی وجہ سے ریونیو 127فیصد بڑھ گیا۔
اس حوالے سے جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موبائل رجسٹریشن ریونیو 22 سے 50 ارب سالانہ تک پہنچنے کاامکان ہے۔