انگلینڈ میں موجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا قرنطینہ بھی ”لگژری“ ہو گیا، کیا سہولیات دی گئی ہیں؟

انگلینڈ میں موجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا قرنطینہ بھی ”لگژری“ ہو گیا، کیا ...
انگلینڈ میں موجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا قرنطینہ بھی ”لگژری“ ہو گیا، کیا سہولیات دی گئی ہیں؟

  

مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے کرکٹرز کے قرنطینہ کو بھی دلچسپ بنا دیا ہے اور ہوٹل میں تفریح کی غرض سے ’ٹیم روم قائم ہو گیا ہے جس میں تفریح کا بھرپور سامان فراہم کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو قرنطینہ کے دوران بھی دلچسپی کا بھرپور سامان مہیا کردیا ہے،کھلاڑی پریکٹس شروع کرنے سے قبل 14 روز تک تنہائی میں رہیں گے جس کے باعث ان کے ہوٹل کے ایک مخصوص حصے کو مہمان ٹیم اور سٹاف کیلئے مختص کر دیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کو بوریت سے بچانے کیلئے ایک خصوصی ٹیم روم بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں ٹیبل ٹینس سٹیشنز، پرانے سٹائل کے آرکیڈ کمپیوٹر گیم، ایک گالف سیمولیٹر، ٹیبل فٹ بال اور ایک بہت بڑی پول ٹیبل بھی موجود ہے جس میں بالز کی جگہ فٹ بال استعمال کئے جاتے ہیں۔

کھلاڑیوں کو قرنطینہ کے دوران ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت نہیں جبکہ ٹریننگ گراﺅنڈ تک جانے کیلئے بھی پہلے میزبان میڈیکل سٹاف سے پوچھنا ہوگا۔ ویسٹ انڈیز سکواڈ اور سپورٹنگ سٹاف کا آمد سے قبل کورونا وائرس ٹیسٹ لیا گیا تھا جبکہ انگلینڈ میں پھر سے ان کا ٹیسٹ لیا گیا،تمام کو ہدایت کی گئی کہ جب تک نتیجہ نہیں آتا وہ فی الحال اپنے کمروں تک ہی محدود رہیں،اگر کسی کا ٹیسٹ مثبت آیا تو اسے دیگر سے الگ قرنطینہ اختیار کرنا پڑے گا۔

اپنے کمرے سے ’زوم کال‘ کے ذریعے میڈیا سے بات چیت میں ویسٹ انڈین کپتان ہولڈر نے کہاکہ جنوبی ایشیاءمیں بھی ہمیں زیادہ باہر جانے کی اجازت نہیں ہوتی، ہوٹل تک ہی محدود رہتے میں انگلینڈ کے اس ٹور کو بھی ویسا ہی سمجھ رہا ہوں مگر یہاں ہمیں کافی سہولیات دستیاب ہیں اور ہم بھی ان کا بھرپور استعمال کریں گے۔

واضح رہے کہ 14 روز کا قرنطینہ مکمل ہونے کے بعد ویسٹ ا نڈین کرکٹرز 2 انٹر سکواڈ پریکٹس میچز کھیلیں گے، اس کے بعد ایک سہ روزہ میچ ہوگا، 2 روز آرام کے بعد آپس میں 4 روزہ میچ کھیلا جائے گا جس کے بعد ٹیم پہلے ٹیسٹ کیلئے ساو¿تھمپٹن جائیگی، وہاں اسے سٹیڈیم سے متصل ہوٹل میں انگلش سائیڈکے ہمراہ قیام کرنا ہے۔

مزید :

کھیل -