حارث سہیل دورہ انگلینڈ سے دستبردار کیوں ہوئے؟ اندرونی کہانی سامنے آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) دورہ انگلینڈ میں کرکٹرز اہل خانہ کو ساتھ نہیں لے جا سکیں گے اور نجی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ حارث سہیل کی دورہ انگلینڈ سے دستبرداری کی اہم وجہ بھی یہی بنی۔
تفصیلات کے مطابق عموماً بیشتر غیر ملکی دوروں خصوصاً انگلینڈ میں قومی کرکٹرز اہلیہ اور بچوں کو ساتھ لے کر جاتے ہیں مگر اس بار ایسا نہیں ہو سکے گا، پی سی بی نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے کہ بائیوسیکیور ماحول میں صرف کرکٹرز اور سپورٹ سٹاف ارکان ہی رہ سکیں گے،اگر کوئی کھلاڑی چاہے تو فیملیز انگلینڈ جا سکتی ہیں مگر پورے ٹور میں ملاقات کیلئے جانے یا اپنے پاس بلانے کی اجازت نہیں مل پائے گی، یوں اہل خانہ کیلئے دورے کاکوئی فائدہ نہیں ہو گا جبکہ کھلاڑی خود بھی کورونا وائرس کی وجہ سے انہیں سفر کرانے کے حق میں نہیں ہیں۔
نجی خبر رساں ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق حارث سہیل کے دورہ انگلینڈ سے دستبرداری کی ایک بڑی وجہ بھی اہلیہ کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہ ملنا بنی۔ یاد رہے کہ 2015ءمیں انہوں نے نیوزی لینڈ کے ٹیم ہوٹل روم میں بھوتوں کی موجودگی کا کہا تھا، اس کے بعد سے وہ اکیلے قیام سے خوفزدہ رہتے ہیں، پی سی بی نے انہیں اہلیہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی ہوئی تھی، وہ ہر ٹور میں ایسا کرتے تھے مگر انگلینڈ میں اب حالات مختلف ہونے کی وجہ سے دستبرداری کا فیصلہ کرنا پڑا۔