راولپنڈی میں بم دھماکہ، ایک شہری جاں بحق، بچوں سمیت 10 افراد زخمی

راولپنڈی میں بم دھماکہ، ایک شہری جاں بحق، بچوں سمیت 10 افراد زخمی
راولپنڈی میں بم دھماکہ، ایک شہری جاں بحق، بچوں سمیت 10 افراد زخمی

  

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) راولپنڈی کے علاقے صدر میں بم دھماکے میں کم ازکم ایک شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

نجی خبر رساں ادارے ’ڈان نیوز‘ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ایک بزرگ اور 3 بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہیں اور ایک شہری جاں بحق ہوا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی آپریشنز پولیس بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امداد کارروائیوں کیساتھ تحقیقات کا آغاز کیا۔

رپورٹ کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں جائے وقوع پر بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

خیال رہے کہ راولپنڈی میں ماضی میں بم دھماکوں میں کئی شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں تاہم ملک دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے بعد حالات معمول پر آگئے تھے۔ رواں برس فروری میں کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب احتجاج کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔

راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں میں جنوری 2015ءمیں امام بارگاہ عون محمد رضوی کے قریب بم دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2019ءمیں سپریم کورٹ نے 2007ءمیں آرے بازار راولپنڈی خودکش دھماکے میں ملوث ہونے کے شبہے میں گرفتار عمر عدیل خان کو بری کر دیا تھا۔عمر عدیل خان پر2007ءمیں راولپنڈی بس دھماکے کے خودکش بمبار کی معاونت کا الزام تھا جبکہ اس واقعے میں 20 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہو گئے تھے، ٹرائل کورٹ نے ملزم عمر عدیل خان کو 20 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی جسے لاہور ہائی کورٹ نے برقرار رکھا تھا۔

مزید :

Breaking News -اہم خبریں -قومی -علاقائی -پنجاب -راولپنڈی -