بجٹ اجلاس، حکومتی واپوزیشن ارکان نے سپیکر کے احکامات اور رولز کی دھجیاں اڑادیں
اسلام آ باد (ڈیلی پاکستان آن لائن)قو می اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے سپیکرز کے احکامات اور رولز کی دھجیاں اڑادیں، ایوان کی کارروائی کے دوران سپیکر کے منع کرنے کے باوجود ویڈیو بناتے رہے، بجٹ تقریر کے دوران پی ٹی وی کی جانب سے حزب اختلاف کا احتجاج نہ دیکھانے کا اپوزیشن ارکان نے توڑ نکال لیا،احتجاج کی ویڈیو بنا کر میڈیا کو جاری کر دی ، اجلاس کے دوران مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف،شازہ فاطمہ خواجہ، کھل داس اور حکومتی رکن نور عالم خان بھی ویڈیوز بناتے رہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن سمیت حکومتی ارکان نے سپیکر اسد قیصر کی ہدایات اور رولز کی دھجیاں اڑادیں اور اجلاس کے دوران ارکان ویڈیو ز اور تصاویر بناتے رہے، اجلاس کے دوران مسلم لیگ(ن) کی رکن شازہ فاطمہ خواجہ نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے آ کر بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن کے احتجاج کی ویڈیو بنانی شروع کی تو سپیکر نے شازہ فاطمہ خواجہ کو تنبیہ کی کہ ویڈیو بنانا رولز کی خلاف ورزی ہے، ویڈیو مت بنائیں، ارکان نے سپیکر کی ہدایات کو نظر انداز کرتے رہے اور ویڈیو بناتے رہے اور بعد ازاں میڈٖیا کو جاری کرتے رہے، اجلاس کے دوران پی ٹی وی کی جانب سے اپوزیشن کا احتجاج نہ دیکھانے پر اپوزیشن ارکان نے ایوان میں ویڈیو ز بنائیں اور میڈیا کو جاری کی گئیں، اجلاس کے دوران مسلم لیگ(ن) کے رکن کھل داس کوہستانی نے ویڈیو بنائی، جبکہ حکومتی رکن نور عالم خاں نے حکومتی بنچوں پر بیٹھے ارکان کی ویڈیو بھی بنائی۔