کینیڈا میں مسلم خاندان کا قتل افسوسناک ہے،محبوب قادری
لاہور(سٹی رپورٹر) صدر صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن مدینہ بازار اچھرہ محبوب علی قادری عطاری نے کینڈا میں پاکستانی نژاد مسلم خاندان کے بیہمانہ قتل کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ توحید اور رسالت ؐپر ایمان کی بنیاد پر جان سے مار دینا انسانیت کے ساتھ بدترین ظلم ہے۔ کینیڈین وزیراعظم اور کینڈین حکومت اور عوام کا غمزدہ خاندان سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کے جذبات انسانیت کے ساتھ محبت کی مثال ہے۔
عالمی قوتیں اسلام کیخلاف نفرت اور تعصب کی بنیاد اسلام کے متعلق غلط شرح اور منفی تاثر سے نکل کر اسلام کے حقیقی نصاب امن اور محبت کو دیکھیں۔ ریاست مدینہ اور حرمین شریفین کے اصول و ضوابط ہو یا فتح مکہ صلح حدیبیہ ہو یا بیعت رضوان اسلام کا دامن وسعت انسانیت کیلئے زندگیاں بانٹتے محبتیں پھیلاتے ہوئے نظر آئے گا۔ سرور کون و مکاں صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے خطبہ حجتہ الوداع میں انسانی حقوق کا جو لازوال دستور پیش کیا عالمی قوتیں بھی اسے چارٹر آف ہیومن رائٹس تسلیم کرتی ہیں۔ کینیڈین متاثرہ مسلم خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ایمان کے اس کڑے اور سخت امتحان میں غمزدہ خاندان کے مضبوط حوصلوں اور صبرجمیل کیلئے دعا گو ہیں۔ خدا کرے عالم ارض جہاں میں بسنے والے سب انسان امن سلامتی استحکام کے ساتھ دنیا کو تعصب اور نفرت سے نکال کر پیار اور آشتی کی طرف لے آئیں۔ دنیا بھر میں اسلام کے نام لیواوں پر تنگ عرصہ حیات کے دن آسودگی اور سازگار حالات کی روشن صبح دیکھیں۔