حکومت نے بچوں کے حقو ق کو تحفظ دیا،اعجاز عالم
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بچوں کے لئے دوستانہ معاشرے کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں بچوں کو کسی بھی طرح کے تشدد اور استحصال سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کیجانب سے پسماندہ ہ طبقوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں کیونکہ تمام شہریوں کو خوراک، رہائش اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر نے گزشتہ روز سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ میں منعقدہ سیمینار میں شرکت کے دوران کیا۔
اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر انسانی حقوق لبنیٰ منصور، مذہبی اقلیتوں کے نمائندگان اور مختلف بچے بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان بچوں کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن پر دستخط کرچکا ہے کنونشن میں بچوں کی مزدوری پر پابندی اور معاشی استحصال کے خلاف تحفظ کی یقین دہانی موجود ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کو بحیثیت ذمہ دار شہری کے ایسے تمام اقدامات کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، جن سے بچے کی جسمانی، ذہنی، اخلاقی اور معاشرتی نشونما کو نقصان پہنچتا ہو۔ہر بچے کو وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے اور یہ ایک حقیقت ہے کہ کسی بھی بچے کو اپنے خاندان سے الگ رہنے کے باعث طبقاتی تفریق کا سامنا کرنا پڑتا ہے،اس لیئے ہم سب کا فرض ہے کہ اپنے بچوں کے لئے ایسا ماحول فراہم کریں کہ ان کی نشوونما اور آگے بڑھنے کے لئے ٹھوس بنیاد مہیا کی جا سکے۔