ٹرانسپورٹ کی ابتر صورتحال کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے،خرم شیر زمان

  ٹرانسپورٹ کی ابتر صورتحال کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے،خرم شیر زمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر ورکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سنگ دلی اور ضدی پن کا مظاہرہ کررہی ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سندھ حکومت کے ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کی مدت شاید 50 سال ہے۔ کراچی جیسے میگا سٹی میں ٹرانسپورٹ کی ابتر صورتحال کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔ان خیالات کا اظہار خرم شیر زمان نے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ کا بجٹ 17 ارب مختص کیا جس میں صرف7 کروڑ خرچ ہوئے ہیں۔ سندھ حکومت کی بسیں شہریوں کیلئے خواب بن کر رہ گئیں ہیں۔ پیپلز پارٹی نے شہریوں کو نجی ٹرانسپورٹرز کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ شہر قائد میں مجموعی طور پر 329 روٹس ہیں۔ 218 روٹس ایسے ہیں جہاں عوام بسوں سے محروم ہیں۔ محروم عوام رکشوں اور ٹیکسیوں کے منہ مانگے دام بھرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کا مسئلہ صوبائی حکومت نے کبھی اپنی ترجیحات میں شامل نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی عوام کا پیسہ اپنی ذات پر خرچ کررہی ہے۔ اٹھارویں ترمیم سے سب سے زیادہ کراچی کے شہریوں کو نقصان پہنچا ہے۔ پیپلز پارٹی نے شہر کراچی کو اس نہج پر لا کر کھڑا کردیا ہے کہ اس کا شمار دنیا کے بد ترین شہروں میں 7ویں نمبر پر ہوتا ہے۔پیپلز پارٹی نے اپنے 13سالہ دور حکومت میں شہر کی رونقین چھین لی ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ شہر قائد میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ اس وقت شہر میں تمام تر ترقیاتی کام وفاقی حکومت کے تعاون سے اراکین قومی اسمبلی کروا رہے ہیں لیکن سندھ حکومت نے شہر کی ترقی پر خرچ کیا جانے والا بجٹ کہاں خرچ کیاکسی کو معلوم نہیں۔