پیر نور الحق قادری کی شیخ عبد الرحمن السدیس اور شیخ صالح بن عبد اللہ بن حمید سے ملاقات
لاہور(ڈویلپمنٹ سیل)وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے مسجد الحرام میں افغان ہم منصب کے ہمراہ صدر امور حرمین شریفین (مسجد الحرام، مسجد نبوی) شیخ عبد الرحمن السدیس اور امام کعبہ شیخ صالح بن عبد اللہ بن حمید سے ملاقات کی۔ سعودی عرب میں“افغان قیام امن ”کے موضوع پر دونوں ممالک کے علمائے کرام کی کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اظہار تشکر اورپائیدار امن کیلئے مکمل تعاون کے عزم کا اعادے کا پیغام دیا۔ پیر نور الحق قادری نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن، پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔ پاکستان کے علماء و مشائخ کرام بھی افغان قیام امن و استحکام اور مذاکرات کیلئے اپنا موثر کردار جاری رکھیں گے۔ سعودی عرب کی طرح وہ بھی اپنے افغان بھائیوں کیلئے امن کی خواہش رکھتے ہیں۔ شیخ السدیس نے کہا کہ سعودی عرب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر قیادت افغانستان میں مکمل امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ہمسایہ ملک میں قیام امن کیلئے پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے۔ ملاقات کے اختتام پر شیخ عبد الرحمن السدیس نے پاکستان و افغانستان میں امن، ترقی و خوشحالی کی کیلئے خصوصی دْعا کروائی۔
ملاقات