وفاقی بجٹ کی طرح پنجاب کا میزانیہ بھی عوام کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہو گا: فردوس عاشق

  وفاقی بجٹ کی طرح پنجاب کا میزانیہ بھی عوام کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہو گا: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر)معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور قیادت کی بدولت مالی سال 2021-22ء کیلئے عوامی امنگوں کے مطابق بہترین بجٹ پیش کیا ہے۔ وفاقی بجٹ میں مزدور، کسان، سرکاری ملازمین، تاجر، ہنرمند سمیت ہر طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے حکومتی ترجیحات اپنی عملی شکل میں سامنے آ گئی ہیں۔ پنجاب کے عوام کو بھی بجٹ میں خوشخبری اور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ملے گا۔ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدا ر میں آ کر جس طرح کرپشن کے آگے بند باندھا، اس نے ملک میں ترقی خوشحالی اور آگے بڑھنے کی ٹھوس بنیادیں استوار کر دی ہیں۔ ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن، اقرباپروری، قبضہ کلچر اور لوٹ مار مچا رکھی تھی جس نے ہماری ترقی کا راستہ مسدود کر رکھا تھا۔اینٹی کرپشن کے ادارے کو(ن) لیگ کے دور حکومت میں پولیو زدہ کرکے شاہی خاندان کے تابع بنایا گیا۔ بدقسمتی سے پنجاب کے اندر دس سال سے کرپشن پروان چڑھتی رہی۔گزشتہ تین سالوں میں حکومت نے اینٹی کرپشن کی مدد سے تاریخی کامیابیاں سمیٹیں اور کرپشن کے ناسور کیخلاف بلاتخصیص، بلاامتیاز اور بغیر کسی سیاسی مداخلت کے کارروائیاں کیں۔ اگست 2018 تا مئی 2021 تک اینٹی کرپشن پنجاب نے مجموعی طور پر 222.85 ارب روپے کی ریکوریاں کیں جس میں 193.8 ارب روپے کی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔ 24 ارب رو پے کی وہ قیمتی سرکاری زمین بھی ہے جو 43 (ن) لیگی ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، بڑے اور چھوٹے میاں صاحبان کے وزراء اور مشیروں کے پاس تھی جہاں انہوں نے پلازے، سینما گھر، پیٹرول پمپ اور دیگر کمرشل کاروبار بنا رکھے تھے۔ معاون خصوصی نے کہا26.7 ملین روپے بالواسطہ اور 2.35 بلین روپے بلاواسطہ یا براہ راست اینٹی کرپشن پنجاب نے سرکار ی محصولات، ڈویلپمنٹ چارجز نقشہ جات کی فیس اور دیگر کرپشن کی نذرہونیوالی سرکاری دولت واپس سرکاری خزانے میں جمع کرائی۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے پیپر آؤٹ ہو نے کے معاملے پر 18افراد کو گرفتار کیاگیا۔ورکرز ویلفیئر بورڈ میں کرپشن پر پانچ کروڑ کی ریکوری کی گئی اور آٹھ افراد کو گرفتارکیاگیا۔انہوں نے کہا(ن) لیگ کے دور میں پنجاب کی 12یونیورسٹیوں میں 4600افراد کی غیرقانونی بھرتیاں کی گئیں اور اینٹی کرپشن کی کوششوں سے 6.5ارب کی کرپشن سامنے لائی گئی۔ن لیگ کے آخری تین سالو ں میں محکمہ ایکسا ئیز کیساتھ ملی بھگت سے 7ہزار گاڑیوں کو غیرقانونی رجسٹرڈ کرکے 300ارب کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایاگیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکا ر ہے۔میڈیا اورعلماء کرام عوام سے اپیل کریں کہ وہ ویکسین کی طرف مائل ہوں۔ حکومت ہر مزار پر زائرین کیلئے ویکسی نیشن ڈیسک بنانے جا رہی ہے تاکہ پاکستان کو کورونا فری بنایا جاسکے۔ پی ٹی آئی حکومت صحافی برداری کے حقوق کے تحفظ کا عزم لے کر آئی ہے مان کے جائز تحفظات کو دور، مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔ حکو مت صحافی برادری کو کسی طور پر مایوس نہیں کرے گی۔ ایف آئی اے نے آج عدالت میں کہاہے کہ چونکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے اسلئے جہانگیر ترین کی گرفتاری مطلوب نہیں، کرپشن ختم نہیں ہوئی تاہم کر پشن کرنیوالے عمران خان کیخوف میں مبتلا ہیں۔ق لیگ ہماری اتحادی،ہم مل کر کرپشن کے ناسور کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ہر ایکشن کا ری ایکشن ہوتا ہے۔لیک ہونیوالی ویڈیو میں تصویر کا ایک رْخ دکھایاگیاہے۔میں نے پولیس کو بلوایا تھا لیکن عبدالقادر مندوخیل وہاں سے بھاگ گیا۔مندوخیل پروگرام میں شراب پی کر آیا تھا۔یہ کیسا مرد ہے جو عورت کے ڈر سے بھاگ گیا۔ہم نے پیمرا کو درخواست دی ہے اور چینل کو نوٹس جاری ہو چکا ہے،ہم قانونی اور آئینی محاذ پر اپنا دفاع کریں گے۔قبل ازیں اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا عمران خان کی قیادت میں حکومتی کاوشوں سے ملکی معیشت پرچھائے سیاہ بادل چھٹ چکے۔ وفاقی حکومت کی وزیراعظم عمران خان کی قیا دت میں کی گئی کاوشوں سے ملکی معیشت میں آئی بہتری کے ثمرا ت عوام تک پہنچانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز ہونے کو ہے۔وفاقی بجٹ میں عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات اور آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ بجٹ کاشتکاروں، مزدوروں اور صنعتی ملازمین،غریب اور کمزور طبقے کیلئے آسانیاں اور بہتر مستقبل کی نوید لائے گا۔
فردوس عاشق

مزید :

صفحہ اول -