بجٹ میں غریب طبقے کو ریلیف ملے گا، صدر لاہور چیمبر
لاہور(لیڈی رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی بجٹ پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ حالات میں متوازن اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹیز سمیت ہماری اکثر تجاویز تسلیم کرلی گئی ہیں۔ وفاقی بجٹ تقریر کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ خام مال پر ڈیوٹیز کم کرنا اچھی بات ہے۔ اس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔ ملک میں مینوفیکچرنگ بڑھے گی اور صنعتوں میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھے گی۔ مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث عالمی سطح پر مقابلے کی اہلیت نہیں رکھتی تھیں مگر اب صورتحال بہتر ہوگی۔فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدرمیاں ناصر حیات مگوں سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم، ریجنل چیئرمین چوہدری سلیم بھلر اورسابق صدر میاں انجم نثار نے بجٹ 2021-22کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایف پی سی سی آئی کی 70فیصد سے زائد تجاویز پر عمل کیا گیا ہے۔ دونوں اداروں کا کہنا ہے کہ مزدور کی کم از کم اجرت بیس ہزار مقرر کرنا بھی اچھی بات ہے۔ فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے خام مال پر کسٹم اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹیز کم کی گئی ہیں جس سے ادویات کی قیمتیں کم کرنے میں مد دملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لیے پیکیج اچھی بات ہے، ان کے مسائل حل ہونے سے زرعی شعبہ ترقی کرے گا، فصلوں کی پیداوار بڑھے گی اور ملک خود کفیل ہوگا۔
صدر لاہور چیمبر