اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کر دیا
ابو ظہبی ( ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ایس ایل سیزن سکس کا رنگا رنگ میلہ ابوطہبی میں جاری ہے جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو عبرتناک شسکت سے دو چار کر دیا۔
اسلام آباد یونائٹڈ کے عثمان خواجہ اور کولن منرو نے پاکستان سپر لیگ کے تیز ترین 100 رنز کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ۔ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بنائے گئے تھے ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف صرف دسویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ عثمان خواجہ نے 27 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 جبکہ کولن منرو نے 36 گیندوں پر پانچ چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنا ڈالے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابتداء سے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا اور پہلے اوور میں ہی کولن منرو کے 4 چوکوں کی بدولت 19 رنز بنائے ۔ دوسرے اوور میں مجموعی سکور 27 ہو گیا ، تیسرے اوور کے اختتام پر عثمان خواجہ کے تین چوکوں کی مدد سے مجموعی اسکور 39 پر پہنچ چکا تھا۔
اسلام آباد یونائٹڈ کا سکور چوتھے اوور کے اختتام پر کولن منرو کے دو چوکوں اور عثمان خواجہ کے ایک چھکے کی مدد سے 54 ہوا۔ پانچویں اوور کی پہلی اور دوسری گیند خرم شہزاد کی جانب سے نو بالز پھینکیں گئیں ، جن پر کولن منرو نے بالترتیب چوکا اور چھکا لگایا ، پانچویں اوور کی آخری گیند پر پھر چوکا لگا جس کے باعث سکور 75 تک پہنچ گیا۔
چھٹے اوور کی پہلی گیند پر کولن منرو نے زاہد کو چوکا مار کر 20 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی ، اگلی گیند پر چھکا لگایا اور تیسرے پر پھر چوکا ، منرو نے آخری گیند پر پھر چھکا جڑ کر سکور کو 97 رنز پر دھکیل دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ساتویں اوور کی دوسری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کے تیز ترین 100 رنز بنا دیے ۔