دو چھکے مارنے پر محمد موسیٰ کا آندرے رسل کو زور دار باؤنسر، میچ سے باہر کر دیا

دو چھکے مارنے پر محمد موسیٰ کا آندرے رسل کو زور دار باؤنسر، میچ سے باہر کر ...
دو چھکے مارنے پر محمد موسیٰ کا آندرے رسل کو زور دار باؤنسر، میچ سے باہر کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ابو ظہبی ( ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے بقیہ میچز ابو ظہبی میں کھیلے جا رہے ہیں جہاں چھکوں چوکوں کی بارش کےساتھ تابڑ توڑ باؤنسرز بھی مارے جا رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک باؤنسر محمد موسیٰ خان کی جانب سے مارا گیا جس نے آندرے رسل کو میچ سے باہر کر دیا۔

اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے جانے والے میچ کے چودھویں اوور میں محمد موسی نے آندرے رسل کو گیند پھینکی جو کہ وائڈ ہو گئی ، اس طرح وائڈ کے بعد اوور کی پہلی گیند ڈاٹ بال رہی ، دوسری گیند پر آندرے رسل نے موسی خان کو فلک شگاف چھکا لگا دیا، جس پرکپتان شاداب خان اور حسن علی نے ہنستے ہوئے موسیٰ خان کوکہا کہ آندرے ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں شارٹ پچ گیند سے گریز کریں اور محتاط رہیں ۔ موسی ٰ خان خان نے اگلی گیند پھر شارٹ پچ دی جس پر رسل نے پھر ایک چھکا مار دیا جس پر کپتان شاداب خان نے غصے کا اظہار کیا .

 بس پھر کیا تھا ، یکے بعد دیگرے دو چھکے کھانے اور کپتان کی ڈانٹ سننے کے بعد محمد موسیٰ خان جذباتی ہو گئے اور بھرپور باؤنسر آندرے رسل کے دے مارا ، گیند دائیں کندھے کے پاس سے ہوتی ہوئی دائیں جبڑے اور کان کے قریب لگی جس سے آندرے رسل ڈگمگا گئے ، پہلے رکوع کی حالت میں آئے ، بعد ازاں گھٹنوں کے بل ڈھیر ہو گئے ۔

اس صورتحال میں میچ کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا ، آندرے رسل باقاعدہ اپنے جبڑے پر ہاتھ رکھ کر درد کی شدت کا اندازہ لگاتے رہے ۔

چند منٹ کی تاخیر کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو آندرے رسل نے موسیٰ خان کی گیند پر بوکھلاہٹ میں ہٹ لگانے کی کوشش کی مگر کیپر سے پیچھے کی جانب کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز ختم ہونے کے بعد آندرے رسل گراؤنڈ میں نہیں آئے ، بلکہ ان کے متبادل کھاڑی کے طور پر نسیم شاہ کو میدان میں فیلڈنگ کیلئے اتارا گیا۔

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -