وفاقی حکومت نے عوام کیلئے ” میر ی گاڑی سکیم “ متعارف کرادی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کے لئے ” میر ی گاڑی سکیم “ متعارف کروادی گئی۔سکیم کے تحت 850 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے وفاقی بجٹ برائے سال 2021-22 پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ خصوصی ٹیکنالوجی کے اس دورمیں صنعتوں کو مشینری کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔حکومت کی جانب سے متعارف کردہ سکیم کے تحت 850 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے جب کہ پہلے سے بننے والی گاڑیوں اور نئے ماڈل پر ایڈوانس کسٹم ڈیوٹی سے بھی استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر خسرہ بختیار کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کراوئی گئی ” میری گاڑی سکیم “ کا سب سے زیادہ فائدہ کم آمدن والے لوگوں کو ہوگا جن میں اساتذہ اور دیگر پروفیشنل لوگ شامل ہیں، اس سکیم کے تحت تنخواہ دار طبقہ آسانی سے اپنی باعزت سواری خرید سکے گا۔