دیہاتوں میں چھوٹے کسانوں کو ، شہروں میں کاروبار کیلئے ہر گھرانے کو قرض دینگے ، شوکت ترین
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خزانہ شوکت ترین نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں کہا کہ اس بار بجٹ میں غریبوں کیلئے بہت کچھ ہے ، دیہاتوں میں چھوٹے کسانوں کو پانچ لاکھ روپے تک کا قرض دیں گے جبکہ شہروں میں ہر گھرانے کے ایک فرد کو کاروبار کیلئے پانچ لاکھ روپے تک قرض دیں گے ۔
اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارا چیلنج ہے کہ گروتھ کو مستحکم رکھنا ہے، پائیدار ترقی کی شرح 20 فیصد تک لے کر جانی ہے، غریب کیساتھ کوئی سیاست نہیں کرنی ، کمرشل بینکس چھوٹے کاشتکاروں کے گھر کے قریب نہیں ہوتے ، چھوٹے کاشتکاروں کو ہر فیصل کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے کا قرض دیں گے ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس دینے والوں کو مزید سہولیات دیں گے ، ہمارے یہاں لوگ پکی رسیدیں نہیں لیتے جس کے باعث خزانے تک ٹیکس نہیں پہنچتا ، ہم پکی رسید والے صارفین کیلئے ایک لاکھ روپے تک کے انعامات دیے جائیں گے، ہم کسی دکاندار کو کچھ نہیں کہیں گے صارف خود گریبان پکڑ کر پکی پرچی لے گا۔ پاور سیکٹر میں بہتری کیلئے موثر اقدامت کررہے ہیں ۔