فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں 'ٹینا' کا کردار ایشوریا رائے کو آفر کیا جانے کا انکشاف لیکن پھر کردار نبھایا کیوں نہیں؟ خود ہی بتادیا
ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے' میں ٹینا ملہوترا کے کردار کی آفر پہلے ایشوریا رائے کو کی گئی تھی جسے اداکارہ نے مسترد کردیا تھا۔
کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی پہلی فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں شاہ رخ خان کے مد مقابل کاجول اور رانی مکرجی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے جب کہ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹینا کے کردار کیلئے رانی سے قبل متعدد اداکاراؤں سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن کسی نے بھی آفر قبول نہیں کی۔کرن جوہر نے اعتراف کیا کہ ٹینا کا کردار ٹوئنکل کھنا کیلئے لکھا گیا تھا لیکن وہ فلم میں اداکاری نہیں کرسکیں۔ بعدازاں اداکارہ تبو، ایشوریا اور ارمیلا سمیت دیگر کو اس کردار کیلئے کہا گیا، سابقہ مس ورلڈ ایشوریا نے ٹینا کا کردار نا کرنے کی وجہ بھی بتائی۔
اداکارہ کے مطابق جس وقت انہیں اس فلم کی آفر کی گئی اس وقت ان کا مقابلہ انڈسٹری کی ٹاپ اداکاراؤں کے ساتھ ہوتا تھا ایسے میں یہ کردار ادا کرنا ان کے لیے مشکل تھا اور اس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا تھا۔اداکارہ نے کہا کہ لوگ تنقید کرتے کہ یہ فلموں میں وہی کام کررہی ہے جو ماڈلنگ میں کیا جب کہ اس وقت وہ انڈسٹری میں اپنی ساکھ کو خراب نہیں کرنا چاہتی تھیں۔
کرن جوہر نے انکشاف کیا کہ رانی مکرجی کو کاسٹ کرنے کا مشورہ فلمساز ادتیا چوپڑا نے دیا تھا۔