بجٹ 22-2021 میں عوام کو خوشخبریاں دیں گے ، وزیر اعلیٰ پنجاب
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت چار گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں مالی سال 22-2021 کے بجٹ کے خد و خال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بجٹ کو فلاحی بجٹ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہر شعبہ زندگی کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں ۔ جاری کردہ بیان میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارا یہ بجٹ عوام، کاشتکار، صنعتکار اور محنت کش دوست ہوگا، بجٹ میں خوش خبریاں دیں گے، صوبے میں یکساں ترقی کے ویژن کے تحت سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حقیقت پسندانہ رکھنے کی ہدایت کورونا وباء کے باعث ہیلتھ کے لئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں تعلیم،انفراسٹرکچر،ٹرانسپورٹ، پینے کے صاف پانی اور سماجی شعبوں کی ترقی کو ترجیح دیں گے، نئے مالی سال کا بجٹ اعداد و شمار کی بجائے صوبے کی حقیقی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا آئینہ دار ہونا چاہیئے، بجٹ میں کفایت شعاری، بچت اور فنانشل ڈسپلن پر پورا فوکس رکھا جائے۔