چترال کے جنات کی کہانی جو پیچھے دیکھنے والے شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیتے ہیں، سوشل میڈیا صارف کا تہلکہ خیز دعویٰ

Jun 12, 2021 | 05:07 PM

چترال(مانیٹرنگ ڈیسک) آپ پاکستان میں رہتے ہوں اور جنات کی کہانیاں نہ سنی ہوں، یہ غیرممکن ہے۔ اب ایسی ہی ایک حیران کن کہانی پاکستان کے فطری خوبصورتی سے مالامال علاقے چترال سے سامنے آ گئی ہے۔ ویب سائٹ’پڑھ لو‘ کے مطابق حظیفہ نامی ایک شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ کہانی سناتے ہوئے لکھا ہے کہ ”یہ کہانی چترال کے لوگوں میں سینہ بہ سینہ چلی آ رہی ہے کہ وہاں ایک صدیوں قدیم جن ہے جو سڑکوں پر سفر کرنے والے مسافروں پر پیچھے سے حملہ آور ہوتا ہے۔“
حظیفہ نے اپنی ٹویٹس میں مزید لکھا ہے کہ”یہ جن مستوج اور گیرام چشمہ نامی دریاﺅں کے قریب علاقوں میں رہتا ہے۔ یہ آہستہ سے سفر کرنے والے لوگوں کے پیچھے آتا ہے اور ان کے کان میں سرگوشی کے انداز میں انہی کا نام پکارتا ہے۔ جیسے ہی وہ آدمی سرگوشی سن کر پیچھے کی طرف مڑتا ہے، جن اسے دبوچ لیتا اور وہیں مار ڈالتا ہے۔


چترال کے ایک مقامی لڑکے نے اس کہانی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ جن اس کے بڑے بھائی پر بھی حملہ کر چکا ہے، تاہم خوش قسمتی سے اس کا بھائی اس حملے سے بچ کر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔اس نوجوان کے ساتھ یہ واقعہ سنگور نامی گاﺅں کے قریب پیش آیا تھا۔ میں ذاتی طور پر بھی چترال کے اس علاقے میں سفر کرتے ہوئے کچھ عجیب و غریب واقعات کا مشاہدہ کر چکا ہوں۔

اس علاقے میں سفر کرتے ہوئے مختلف نوع کے مصائب ہمہ وقت آپ کے منتظر رہتے ہیں، یہ مشکلات ایسی ہوتی ہیںکہ جن کی کوئی وجہ بھی سمجھ نہیں آتی۔“

مزیدخبریں