نشے میں دھت دولہا اور باراتیوں کا دلہن سے ڈانس کامطالبہ لیکن پھر لڑکی نے کیا فیصلہ سنایا؟ ہرکوئی داد دینے پر مجبور
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں شراب کے نشے میں دھت دولہا اور اس کے باراتیوں نے دلہن سے ایسا مطالبہ کر ڈالاکہ اس نے شادی سے ہی انکار کر دیا۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر الہٰ آباد کے ایک نواحی گاﺅں میں پیش آیا جہاں نشے میں دھت دولہا اور باراتیوں نے دلہن سے ڈانس کرنے کا مطالبہ کر دیا جس پر دلہن نے شادی سے ہی انکار کردیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ لوگ گھر سے ہی شراب پی کر آئے تھے، تاہم لڑکی اور اس کے گھر والوں نے نظر انداز کیا مگر جب دلہن کو لایا گیا تو دولہا نے پھیروں سے قبل اسے ڈانس کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی جس پر دلہن نے شادی سے انکار کر دیا اور وہاں سے چلی گئی۔لڑکی کے انکار پر دولہا نے وہاں خوب ہنگامہ کیا مگر اسے خالی ہاتھ ہی لوٹنا پڑا۔ لڑکی کے انکار پر دولہے کی فیملی نے پولیس کو بھی بلالیا تھا۔ ان کا خیال تھا کہ پولیس معاملہ رفع دفع کرا دے گی اور لڑکی شادی کے لیے مان جائے گی مگر دلہن اپنے موقف پر ڈٹی رہی اور بارات کو دلہن کے بغیر ہی لوٹنا پڑا۔