وفاقی بجٹ کے خلاف سندھ حکومت بھی کھل کر بول پڑی ،صوبائی وزیر نے الزامات کی بوچھاڑ کردی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیرصنعت و تجارت سندھ جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفاقی بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے اسے عام آدمی کے معاشی قتل کے مترادف قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ اعداد و شمار کا گورکھ دھندہ ہےجبکہ 70 فیصد روینیو دینے والے صوبہ سندھ کو بجٹ میں مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے، یہ بجٹ مزید مہنگائی ساتھ لے کر آئے گا۔
جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو تحریک انصاف کو ووٹ نہ دینے کی سزا دی جارہی ہے جو قابل مذمت عمل ہے لیکن پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی جہدوجہد جاری رکھے گی۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیراعظم بتائیں کہ ماہانہ پندرہ، بیس ہزار کمانے والا شدید مہنگائی میں اپنا گھر کیسے چلائے؟ حکومتی وزراءکے اعدادو شمار جھوٹ کے سوا کچھ نہیں ہے جبکہ نااہل حکومت نے صنعتی شعبے کو گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے بہت بڑا نقصان دیا ہے۔
جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ صنعت کے شعبے کو فروغ دینے کی باتیں زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں، وفاقی حکومت نے آٹا، گھی، چینی، پیٹرول کو مافیا کے پاس فروخت کردیا ہے،آٹا، چینی، گھی، پیٹرول کے دام حکومتی مافیاز کے رحم و کرم پر ہیں اور عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔