کورونا کی چوتھی لہر کا خطرہ ،صوبائی وزیر صحت سندھ نے شہریوں کو خبر دار کردیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا خدشہ ظاہر کرتےہوئےکہاہےکہ انڈسٹریز لاک ڈاون سےبچنےکےلیےضروری ہےکہ ورکرز ویکسی نیشن کرائیں،عملے کی ویکسی نیشن کرانے والی فیکٹریز کو ہی حکومت کی طرف سے چلنے کی اجازت ہوگی۔
انسداد پولیو مہم اور کورونا ویکسین کی صورتحال پرمنعقدہ محکمہ صحت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا خطرہ ہے،تمام اضلاع میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے، جسے مزید بڑھایا جائے، ڈیلٹا ویرینٹ کے پیش نظر ویکسین کا دائرہ بڑھایا جائے، صوبے کے تمام اضلاع میں پولیو مہم چل رہی ہے، جس کی کوریج کو ممکن بنایا جائے۔
صوبائی وزیر صحت سندھ نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ٹارگیٹڈ پولیو کوریج کو ہر صورت میں ممکن بنایا جائے اوربچوں کی غیرموجودگی کی نشاندہی کی صورت میں پولیو ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے،تمام اضلاع کورونا ویکسین کے عمل کو تیز کریں، اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں رہیں، ویکسین کے مرحلے میں میڈیکل اور پیرامیڈیکل فائنل ایئرکےطلبہ کی مدد لی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ویریئنٹ سے بچنے اور معمولات زندگی بحال رکھنے کے لیے ویکسینیشن لازمی ہے،جن اضلاع میں ویکسینیشن ٹارگیٹ کو پورا نہیں کیا جائے گا وہاں کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔