’تاریخی مہنگائی، بے روزگاری عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ‘ بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم پر کڑی تنقید
مردان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی اقدامات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے جو عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے،جتنی بے روزگاری عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت میں ہے، اتنی ماضی میں کبھی نہیں رہی, این اے 249 کے ضمنی انتخابات نے تحریک انصاف کو بے نقاب کردیاہے کہ اگر انتخابات میں دھاندلی نہ ہو تو تحریک انصاف انتخاب نہیں جیت سکتی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں تاریخ کی بدترین مہنگائی ہے, یہاں تک جنگ زدہ ممالک اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہے، یہ عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، پاکستان میں اس وقت تاریخ کی سب سے زیادہ بے روزگاری ہے، جتنی بے روزگاری عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت میں ہے، اتنی ماضی میں کبھی نہیں رہی۔
انہوں نے کہاکہ یہ بے روزگاری عمران خان کی تبدیلی کی اصل شکل ہے، جس نہج پر غربت پہنچ چکی ہے وہ بھی تاریخی ہے، عمران خان اور ان کے وزیر اتنے شرمندہ ہیں کہ انہوں نے غربت اور بے روزگاری کے اعداد و شمار کو اپنے معاشی سروے سے بالکل غائب کردیا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ عوام سے اصل اعداد و شمار چھپا سکتے ہیں، وہ عوام سے یہ اعداد وشمار چھپانا چاہتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری تاریخی سطح پر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ چھپانا چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام کے لیے سب سے بری خبر یہ ہے کہ غربت میں سب سے زیادہ اضافہ خیبر پختونخوا میں ہوا ہے، یہی وجہ ہے حکومت عوام سے یہ اعداد وشمار چھپانا چاہتے ہیں، ہمیں پتا ہے کیونکہ ہمارے ساتھی بے روزگار ہوتے جارہے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ جو لوگ عمران خان کی حکومت آنے سے پہلے برسر روزگار تھے وہ اب بے روزگار بیٹھے ہیں۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اعداد وشمار چھپانے سے مسائل حل نہیں ہو سکتے، صرف پیپلز پارٹی عوامی منشور دے سکتی ہے کیونکہ ہماری پالیسی ہمیشہ عوام دوست اور غریب دوست رہی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایک نئے سفر کا آغاز ہو رہا ہے ،ہمیں نوجوانوں کی سخت ضرورت ہے لیکن ہم اپنے بزرگوں کے تجربے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔