مشکل حالات کے باوجود ڈیمز کی تعمیر کیلئے رقم مختص کی گئی،خورشید شاہ

مشکل حالات کے باوجود ڈیمز کی تعمیر کیلئے رقم مختص کی گئی،خورشید شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ڈیمز اور آبی ذخائر میں اضافے اور زراعت کی ترقی سے ہم خود کفالت کی منزل جلد حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال گندم اور دیگر اجناس کی بہتر پیداوار سے قیمتی زرمبادلہ بچانے میں بھی مدد ملے گی۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں  وفاقی وزیر نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ڈیمز کی تعمیر کیلئے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے اور ڈیمز کی جلد تعمیر سے انرجی اور زراعت کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ زراعت اور آبی وسائل کی ترقی کو ترجیح دی ہے مگر گزشتہ حکومت نے اس شعبے کو بری طرح تباہ کیا جس کی وجہ سے ہم گندم اور دیگر اجناس کی درآمد پر مجبور ہوئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیمز اور پانی کے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے تاکہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ منصوبوں کو مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے اور اس اضافے سے لوگوں کی قوت خرید بڑھے گی جس سے مارکیٹ پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹے نظریات، کھوکھلے نعروں اور الزام تراشیوں پر اس قوم کے چار سال ضائع کردئیے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر اور کروڑ نوکریاں تو ایک طرف عمران خان تو کٹوں، مرغیوں اور انڈوں کے ذریعے معیشت کو مضبوط کرنے دعوے اور وعدے بھی پورے نہ کر سکا۔
خورشید شاہ

مزید :

صفحہ اول -