انجینئر امیر مقام کاگزشتہ روز پیسکوہیڈکوارٹر کا ہنگامی بنیادوں پر دورہ

   انجینئر امیر مقام کاگزشتہ روز پیسکوہیڈکوارٹر کا ہنگامی بنیادوں پر دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹی رپورٹر)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی انجینئر امیر مقام نے گزشتہ روز پیسکوہیڈکوارٹر کا ہنگامی بنیادوں پر دورہ کیا،  طوفان کے باعث ہونے والے بجلی کے نقصانات کا جائزہ اور ان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا۔ اس موقع پر پیسکو کے تمام افسران موقع پر موجود تھے اور متعلقہ افسران نے گزشتہ روز طوفان کے باعث ہونے والے نقصانات اور ان کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ تفصیلات کے مطابق طوفان کی مد میں آنے سے پیسکو کی تین ڈوژن میں بجلی تنصیبات کو سب سے زیادہ نقصان ہوا جن میں بنوں، لکی اور کرک ڈوژن شامل ہیں۔ بارش اور تیز ہواؤں کی زد میں آنے سے پیسکو کے300 فیڈرز فوری طور پر ٹرپ کر گئے اس کے علاوہ نقصانات کا تخمینہ500 ملین ہے۔ فیڈرزکی بحالی کے لیے تمام پیسکو افسران رات بھر فیلڈ میں موجو د رہے اور فیڈرز چالو کرائے۔ اطلاع ملتے ہی پیسکو چیف عارف محمود سدوزئی فوری طور پر مذکورہ ڈوژن پہنچے اور بجلی کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھانے شروع کئے۔ پیسکو چیف بذات خود تب تک متعلقہ ڈوژن میں موجود رہے جب تک بجلی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنا لیا گیا۔ طوفان کی ان تباہ کاریوں کے باوجود 24 گھنٹے سے کم کے دورانیے میں پیسکو کے تمام فیڈرز چالو کرائے گئے اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر وہ اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے صوبے کے لوگوں کی خدمت کے لیے حاضر ہیں اور وہ تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک تمام صوبے میں بجلی کی مکمل فراہمی کو یقینی نہ بنالیں۔ انہوں نے پیسکو افسران کی خدمات کو بھرپور سراہا اور بجلی کی مکمل فراہمی کے لیے احکامات جاری کئے۔