الیکشن کمیشن کے ممبران اختلافات کا شکار، کاغذات نامزدگی کامسودہ صدرکی منظوری کے بغیر پرنٹنگ کیلئے پہنچ گیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدارتی منظوری کے بغیر ہی عام انتخابات 2013ءکیلئے کاغذات نامزدگی کامسودہ پرنٹنگ کارپوریشن کومل گیاتاہم کاغذات نامزدگی کی چھپائی کے فیصلے پر الیکشن کمیشن کے ممبران اختلاف کا شکار ہوگئے ہیں ۔مقامی میڈیا کے مطابق کاغذات نامزدگی کی چھپائی کے لئے پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان میں کام شروع ہو گیا ہے اور اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی کے فارم کی کمپوزنگ کے بعدپروف ریڈنگ کامرحلہ جاری ہے۔کاغذات نامزدگی کی چھپائی کاکام مکمل ہونے کے بعد کاغذات نامزدگی انتخابی شیڈول سے قبل ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کوپہنچادیئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے شیڈول کیلئے 21مارچ کی تاریخ تجویزکی ہے۔صدر کی طرف سے منظوری کے بغیر ہی ترمیم شدہ مسودہ چھپوانے کے فیصلے پر الیکشن کمیشن کے ممبران اختلافات کا شکار ہوگئے اور فیصلے پر الیکشن کمیشن سندھ کے رکن روشن عیسانی نے دستخط نہیں کیے تاہم اُنہوں نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہاکہ کاغذات نامزدگی میں ترمیم کی منظوری صدر کاثوابدیدی اختیار ہے ۔