ترکی کا صومالی پارلیمنٹ کو دوبارہ سے تعمیر کر نے کا اعلان
موغادیشو (آئی این پی)ترکی نے خانہ جنگی کی وجہ سے نقصان اٹھانے والی صومالیہ کی پارلیمنٹ کی عمارت کو دوبارہ سے تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کی تعاون و ترقیاتی ایجنسی ڈائریکٹریٹ ٹی آئی کے اے پارلیمنٹ کی تعمیر سے قبل صومالی اسمبلی ممبران کے استعمال کے لئے ایک عارضی پارلیمانی عمارت کی تعمیر کا آغاز کرے گی۔عارضی پارلیمنٹ کی تعمیر شروع ہونے سے قبل منصوبے کے دائرہ کار میں متوقع کاروائیوں کی ترتیب و تنظیم کے لئے ایک پروٹوکول پر دستخط کئے گئے ہیں۔دارالحکومت موغادیشو میں منعقدہ پروٹوکول پر دستخط کے تقریب میں صومالی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد عثمان جواری ،موغادیشو میں ترکی کے سفیر اولگان بیکیار اور تیکا کے موغادیشو پروگرام کوآرڈینیٹر غالب یلماز نے شرکت کی۔پروٹوکول پر دستخط کے تقریب سے خطاب میں جواری نے کہا کہ نئی عمارت 7 منزلہ ہو گی اور تعمیر کے پہلے مرحلے میں 2 منزلہ عمارت کی تعمیر کی جائے گی جہاں اسمبلی نشستوں اور دیگر امور کو جاری رکھا جائے گا۔