8ماہ کے دوران پٹرول کی فروخت میں 13فیصدکا اضافہ
اسلام آباد(آن لائن)رواں مالی سال 2017۔18ء کے پہلے 8 ماہ میں جولائی تا فروری کے دوران پٹرول کی فروخت میں 13 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 4.9 ملین ٹن پٹرول فروخت کیا گیا۔ اتوار کو آئل کمپنیز ایڈوائیزری کونسل (او سی اے سی) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فروخت کئے جانے والے مجموعی پٹرول میں درآمد کئے گئے پٹرول کا حصہ 62 فیصد جبکہ ملکی پٹرول کا حصہ 38 فیصد رہا ہے۔فروری 2018ء کے دوران پٹرول کی فروخت کا حجم 5 لاکھ 27 ہزار ٹن رہا ہے جو فروری 2017ء کے مقابلہ میں 4 فیصد زائد ہے جبکہ جنوری کے مقابلہ میں فروری کے دوران پٹرول کی فروخت میں 11 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔