شہر بھر میں تجارت مافیا بے لگام آپریشن کی کاروائیاں کاغذوں تک محدود

شہر بھر میں تجارت مافیا بے لگام آپریشن کی کاروائیاں کاغذوں تک محدود

لاہور(جاوید اقبال،عدیل شجاع)میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا شعبہ ریگولیشن ریگو لیٹ نہ ہو سکا،شہر بھر میں تجاوزات مافیا بے لگام شعبہ تہہ بازاری مکمل ناکام،روزانہ کاغذوں میں آپریشن کی کاروائیاں جبکہ تجاوزات سے ایمبولینس کے لیے بھی جگہ نہیں،پائلٹ سکول،تین نمبر سٹاپ،کریم مارکیٹ اقبال ٹاؤن ٹھیلہ بازار بن کے رہ گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے نو زونز میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شعبہ تہہ بازاری اور اس کے انچارچ علی عباس بخاری کی عدم توجہی سے جگہ جگہ تجاوزات مافیا نے اپنے قدم جما رکھے ہیں۔جس میں اقبال ٹاؤن کی کریم بلاک میں واقع کریم مارکیٹ سر فہرست ہے جہاں سو سو فٹ کی کشادہ سڑکیں ہونے کے باوجود تجاوزات ٹھیلوں،پھٹوں اور ریڑھی بانوں کی وجہ سے یہ سڑکیں دس دس فٹ کی تنگ گلیاں بن کے رہ گئی ہیں۔یاد رہے کہ ماضی قریب میں کریم مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقع کے بعد ان تجاوزات کی وجہ سے زخمیوں کو طبی امداد پہنچانے کے لیے ایمبولینسز کو بھی جگہ نہیں ملی تھی جبکہ آج بھی ایم او آر اور ان کے عملہ کی طرف سے دی جانے والی کھلی چھوٹ کے باعث یہاں یہی صورتحال ہے کہ اس تجاوزات مافیا کی وجہ سے جہاں شہریوں کو آمدو رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے وہیں یہاں ایمبولینس کا گزرنا بھی محال ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ میٹرو پولیٹن اور ایم او آر برانچ کی جانب سے میئر لاہور اور دیگر افسران بالا کو روزانہ شہر بھر میں تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن کی اطلاعات دیں جاتی ہیں اور ان کی پریس ریلیز بھی جاری کی جاتی ہیں مگر در حقیقت اگر روزانہ کی بنیاد پر یہ آپریشن کیے جاتے ہوں تو پھر شہر کی صورتحال اس طرح نہ ہو۔کریم مارکیٹ کے دکانداروں فرید علی،میاں شکیل،داؤد نے بتایا کہ اگر انتظامیہ اس قبضہ مافیا کی پشت پناہی نہ کرے اور اس تجاوزات کو صاف کر دیا جائے تو نہ صرف عوام کا فائدہ ہو گا بلکہ ان کے کاروبار میں بھی مزید اضافہ ہو گا انہوں نے کہا کہ وہ خود چاہتے ہیں کہ انتظامیہ ان کے خلاف کاروائی کرے مگر انتظامیہ ان کے خلاف کاروائی کرنے کی بجائے ان سے ماہانہ بھتہ وصول کر کے ان کا تحفظ کرتی ہے۔اس ضمن میں MOR برانچ کا کہنا ہے کہ یہ بات سچ ہے کہ شہر میں کہیں کہیں تجاوزات مافیا نے اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں مگر ہم روزانہ کی بنیاد پر ان تجاوزات کے خاتمہ کے لیے آپریشن کرتے ہیں اور اقبال ٹاؤن مون مارکیٹ میں ماضی میں بھی آپریشن کیے جا چکے ہیں اور آئندہ بھی جلد ہی وہاں آپریشن کیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1