پی ٹی آئی عام انتخابات میں کلین سویپ کرے گی، عبدالعلیم خان

پی ٹی آئی عام انتخابات میں کلین سویپ کرے گی، عبدالعلیم خان

لاہور(نمائندہ پاکستان)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عام انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور کرپشن کرنے والوں اور سرکاری خزانہ لوٹنے والوں کو دوبارہ کسی صورت موقع نہیں ملے گا ،انہوں نے کہا کہ عمران خان پر الزامات لگانے والوں کو خود جگ ہنسائی کا باعث بننا پڑ رہا ہے ، ترازو لے کر عدلیہ پر تنقید کرنے کی ہر شہری مذمت کرے گا ، عبدالعلیم خان نے گڑھی شاہو اور ملحقہ علاقوں کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ اور مال چوری کرنے والوں کی سیاست دم توڑ رہی ہے،ملک کا پیسہ واپس لانے کے دعوے کرنے والوں نے منی لانڈرنگ کی انتہاکرتے ہوئے ملک کی معیشت کھوکھلی کردی،انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کرپشن کے بیج بونے والوں کی عوام میں جڑیں کمزور ہوچکی ہیں اورعدلیہ کیخلاف اعلان بغاوت کرنے والے لوگوں کی نظروں میں گر چکے ہیں،بہتر ہوگا کہ عوام اپنا جمہوری اور آئینی حق استعمال کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں کرپٹ ٹولے کو اقتدار کے ایوانوں سے باہرنکال پھینکیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ کرپٹ قیادت معیشت کو دیمک کی طرح چاٹتی رہی ہے،ملکی دولت کو لوٹ کر غیرملکوں میں بینک بھرنے والے کبھی اس ملک کے وفادار تھے،نہ آئندہ بھی ہونگے،ماضی میں اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پرسوار ہوکر عوام کو خوار کرنے والوں کوتاریخ میں پہلی بارآزاد عدلیہ کے فیصلوں کا سامنا کرنا پڑا،اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی اور خود ساختہ مقبولیت کو اپنی سیاسی بقا کی ضمانت قرار دینے والے خوش فہمی میں مبتلا ہیں، عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ عوام کومشتعل کرنے کی کوشش کوئی کامیاب نہیں ہو گی ،باشعور عوام نے نواز شریف کی نااہلی پرخوشی کے شادیانے بجائے،دیگر اقامہ زدہ وزیروں اور کرپٹ درباریوں کی رخصتی پربھی سجدہ شکر اداکرینگے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے چیئرمین سینٹ کیلئے بلوچستان سے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کرکے دراصل وفاق کی سوچ کا پروان چڑھانے کیلئے اصولی موقف اپنایا ہے،چھوٹے صوبے چیئرمین بننے سے عوام کا احساس محرومی کم اور دنیابھر کو مثبت پیغام جائے گا۔عبدالعلیم خان گڑھی شاہومیں پی ٹی آئی کے مقامی کارکنوں کے گھروں کا بھی دورہ کیا اور ان سے ملاقاتوں میں مزید متحرک ہونے کی ہدایت کی اور جاری ممبر شپ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا کہا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1