میٹرو اورنج کے آخری 6سیٹ بھی کراچی پہنچ گئے

میٹرو اورنج کے آخری 6سیٹ بھی کراچی پہنچ گئے

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ بحری جہاز کے ذریعے آخری چھ ٹرین سیٹ بھی گزشتہ روز کراچی پہنچ گئے ۔ اس طرح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لئے تمام 27ٹرین سیٹ چین سے پاکستان پہنچ چکے ہیں ۔لاہور میں اس وقت تک 21ٹرین مو جود ہیں جنہیں ڈیرہ گجراں میں تعمیر کئے جانے والے ڈپو اور علی ٹاؤن میں بنائے جانے والے سٹیبلنگ یارڈ میں کھڑاکیا گیا ہے۔ڈیرہ گجراں سے میکلوڈ روڈ تک اورنج لائن کے 12کلو میٹر طویل بالائے زمین ٹریک کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد پاکستان منٹ سٹیشن سے لکشمی چوک سٹیشن تک اس پر پٹری بچھانے اور اسے ٹرین کی آمدورفت کے قابل بنانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے جو ماہ رواں کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈیرہ گجراں ڈپو سے محمود بوٹی سٹیشن تک پٹری بچھانے کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے ۔جی پی او چوک میں میٹرو ٹرین کے زیر زمین سٹیشن کی چھت ڈالنے کا 70فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ‘ اس سلسلے میں باقی کام آئندہ چند روز میں مکمل کر کے مال روڈ کو 31مارچ سے ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا ۔وہ گزشتہ روز جی پی او چوک میں زیر زمین تعمیر کئے جانے والے میٹرو ٹرین کے سٹیشن اور لکشمی چوک سٹیشن کے معائنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ نکلسن روڈ سے لکشمی چوک تک سڑکوں کی بحالی اور تعمیر نو کا کام رواں ہفتے مکمل کر لیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام پارک ‘ سلامت پورہ اور محمود بوٹی سٹیشن تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں۔ان سٹیشنوں کااوسطا 97فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے پیکیج ٹو کے تحت چوبرجی سے علی ٹاؤن رائے ونڈ روڈ تک ٹرین کے13کلومیٹر طویل بالائے زمین ٹریک کی تعمیر کا کام بھی اسے ہفتے مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد اس پر پٹری بچھانے کا کام مزید تیز کر دیا جائے گا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...