امیرالدین میڈیکل کالج کے ڈیبییٹنگ اینڈ پبلک سپیکنگ کے مقابلے
لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان)جنرل ہسپتال سے منسلک امیرالدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس نے سیسہ انٹرنیشنل ڈیبییٹنگ اینڈ پبلک سپیکنگ چیمپئن شپ 2018 کے مقابلوں میں شرکت کی اور 15 اداروں کے 58 شرکاء میں نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے اے ایم سی کے احمد فرازتارڑ رنر اپ رہے جبکہ اے ایم سی کے سٹوڈنٹس میں سے 7نے ٹورنامنٹ کے حتمی مقابلوں میں جگہ بنائی جو کہ ایک اعزاز ہے، تفصیلات کے مطابق امیر الدین میڈیکل کالج کے احمد فراز کو اوورال چیمپئن شپ میں بہترین مقرر قرار دیا گیا ہے جو ادارے کے لیے باعث فخر ہے۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس کامیابی پر تمام طلبا وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان ٹیلنٹ میں کسی سے پیچھے نہیں انہیں اگر مناسب ماحول اور مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ حیران کن نتائج دے سکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس نے تدریس کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے۔
پروفیسر غیاث النبی طیب نے ادارے کے اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کی کاوشوں کی بدولت سٹوڈنٹس نے عالمی مباحثوں میں نمایاں نتائج حاصل کئے اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح کی کامیابی حاصل کرتے رہیں گے۔