سیف سٹی منصوبہ پر فنڈز استعمال کے باوجود شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں ، بلال شیرازی
لاہور(پ ر) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ سیف سٹی منصوبہ پر تمام فنڈز استعمال ہونے کے باوجود منصوبہ مقاصد کے حصول میں ناکام اور شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے بنایا جانے والا سیف سٹی منصوبہ اپنے مقاصد پورے نہ کرسکا ۔پنجاب کے بڑے شہوں میں سٹریٹ کرائم اور عوام کے جان و مال اور املاک کے نقصان کی شرح میں کمی نہ ہونا لمحہ فکریہ اور قومی دولت کا ضیاع ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم، سستی روٹی سکیم،سولر پاور پراجیکٹ، گرین ٹریکٹر سکیم کے بعد سیف سٹی منصوبہ بھی حکومت کے ناکام منصوبوں میں شامل ہونے والا ہے جن پر اربوں روپے خرچ کے باوجود عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہ ہوسکا ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری رپورٹ میں بھی اعتراف کیا گیا ہے کہ سیف سٹی منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا لہذا یہ پوری طرح فعال نہ ہے جو بیڈ گورننس اور حکومتی نااہلی کی انتہاہے ۔