سپریم کورٹ ترقیاتی منصوبوں کے فنڈزجاری کرنے کا نوٹس لے، ناصر رمضان
لاہور(پ ر)پاکستان مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ پنجاب ناصر رمضان گجرنے کہا ہے کہ سپریم کورٹ حکومتی مدت ختم ہونے سے صرف چند ماہ قبل ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کرنے کا نوٹس لے اور قومی دولت کو دو تین ماہ میں اللوں تللوں میں استعمال کرنے سے روکا جائے انہوں نے کہا کہ حکومتی مدت مئی میں ختم ہورہی ہے اور آئندہ بجٹ اپریل میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے حکومتی اراکین اسمبلی کے حلقوں میں اربوں کے فنڈزکا استعمال انتخابات میں کامیابی کی ناکام کوششیں ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ناصررمضان گجر نے کہا کہ پی اینڈ ڈی کی طرف سے لوکل گورنمنٹ سیکٹر کے ترقیای سکیموں کیلئے ہر ہفتہ کروڑوں کے فنڈز جاری کیے جارہے ہیں یہ نہیں دیکھا جارہا ہے کہ حکومتی مدت اختتام میں صرف دو ماہ رہ گئے ہیں اور یہ نہیں دیکھا جارہا کہ یہ فنڈز کس طرح استعمال ہونگے۔کیونکہ فنڈ ز استعمال سے قبل ٹینڈرز شائع ہونے ہیں اور اس کیلئے بھی وقت درکار ہے انہوں نے کہا کہ قومی خزانہ کو بے دردی سے ذاتی پسند ناپسند کیلئے استعمال کرنا قوم پر بوجھ ہے۔اس لیے سپریم کورٹ آف پاکستان اس کا فوری نوٹس لیے اور ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اربوں روپے جاری کرنے سے روکا جائے ۔