پاکستان انٹرنیشنل کلینری فیسٹیول،الحمرا ان پلگڈ کی شاندار پرفارمنس

پاکستان انٹرنیشنل کلینری فیسٹیول،الحمرا ان پلگڈ کی شاندار پرفارمنس

لاہور(فلم رپورٹر)الحمراء کلچرل کمپلیکس (قذافی اسٹیڈیم)میں جاری پاکستان انٹرنیشنل کلینری(Culinary) فیسٹیول میں لاہورآرٹس کونسل الحمراء کے میوزک بینڈ’’الحمراء ان پلگڈ‘‘ نے بھرپورپر فارم کیا اور فیسٹیول کے شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے،اس حوالے سے ایگزیکٹوڈائریکٹرلاہورآرٹس کونسل الحمراء کیپٹن(ر)عطاء محمدخان نے کہا کہ فن،میوزک، انٹرٹینمنٹ اور فوڈکے اس تین روزہ فیسٹیول میں الحمراء ان پلگڈ کے نوجوان گلوکاروں کاپرفارم کرنا اورلوگوں کی نظر میںیوں ابھر کرسامنے آنا اس ادارے کی شب و روزکی محنت کا ایک تاریخی حوالہ ہے، اس میوزک بینڈکی تیاری کے پس منظر میں ایک طویل ترجدوجہد پنہاں ہے، کیپٹن(ر)عطاء محمدخان نے مزید کہاکہ ہماری نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے،ان صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے اور ان کی استعداد کا رکو بڑھانے میں اگر میرٹ کو مدنظر رکھا جائے تو حوصلہ افزا ء نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ہم نے نوجوان نسل کو الحمراء کے پلیٹ فارم پرمیرٹ پر موقع دیا،انکی حوصلہ افزائی کی، اب الحمراء ان پلگڈ کے نوجوان عملی میدان میں عوامی پذیرائی حاصل کر رہے ہیں۔ اس فیسٹیول میں لوگوں کی بڑی تعداد نے الحمراء کلچرل کمپلیکس کارخ کیا اور یہاں سجے ہوئے اس میلے کے سٹالز کے خوبصورت سمے سے خوب لطف اندوز ہوتے رہے۔

واضح رہے کہ الحمراء کے باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے فنکاروں نے نہ صرف پاکستان کی موسیقی کی بھرپور نمائندگی کی بلکہ لوک اور روائتی موسیقی کے دل پذیر گیت اور نغمے بھی پیش کئے۔

مزید : کلچر