مغل پورہ: ڈور پھرنے سے باپ بیٹی زخمی، بیٹی کی حالت تشویشناک

مغل پورہ: ڈور پھرنے سے باپ بیٹی زخمی، بیٹی کی حالت تشویشناک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) مغل پورہ کے علاقہ میں ڈور پھرنے سے باپ بیٹی زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے باپ بیٹی کو سروسز ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا جہاں 3 سالہ ملائیکہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گنج بازار کا رہائشی محنت کش فہیم اپنی تین سالہ بیٹی ملائیکہ اور بیوی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جا رہا تھا کہ ڈاکخانہ روڈ پر اچانک کٹی پتنگ کی ڈور نے وار کر دیا۔ جس کے باعث محمد فہیم اور اسکی تین سالہ بیٹی ملائیکہ شدید زخمی ہو گئی ۔ واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور راہگیروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی ہونے والے باپ بیٹی کو سروسز ہسپتال پہنچایا جہاں تین سالہ ملائیکہ کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ باپ محمد فہیم کو طبی امداد کے بعد رات گئے ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ زخمی ہونے والا فہیم اپنی بیوی کے ہمراہ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی یونٹ کے باعث رات گئے تک زاروقطار روتا رہا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی کمسن بچی ملائیکہ کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب کم سن بچی کو خون کا عطیہ دینے کے لئے علاقہ کے نوجوانوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی جہاں لواحقین اور علاقہ کے مکینوں نے بھی ہسپتال میں واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ ایس ایچ او مغل پورہ اشفاق بٹ کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔

مزید :

علاقائی -