شاہدرہ فیکٹری میں سلنڈر دھماکہ 2افراد جاں بحق 3شدید زخمی
لاہور(خبر نگار) شاہدرہ میں کپڑوں کی فیکٹری میں سلنڈر کا دھماکہ،دو افراد جاں بحق ،تین شدید زخمی۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ میں کپڑوں کی فیکٹری میں چھٹی کے روز مزدور مشین ٹھیک کر رہے تھے کہ اسی دوران سلنڈر دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں دو مزدور جاں بحق جبکہ تین شدیدزخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تمام زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال میں منتقل کر دیا۔ واقعے کے عینی شاہد لڑکے کا کہنا ہے کہ بارہ کلو کے سلنڈر کی مدد سے لوہے کی پلٹیں کاٹی جا رہی تھیں کہ اچانک دھماکہ ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد یونس اور عرفان کا تعلق ایک ہی گھر سے ہے اور دونوں رشتے میں سالا بہنوئی ہیں۔ زخمی ہونے والے افراد میں اشتیاق، شاہسوار اور عابد حسین شامل ہیں جنہیں پولیس نے ہسپتال میں منتقل کر دیا ۔