پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا: فضل الرحمٰن
لاہور(آئی این پی) جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الر حمن نے کہا ہے جمہوریت آئین وقانون کیساتھ کھڑے ہیں پار لیمنٹ کو مضبوط بنانے کیلئے سب کو ملکر کام کر نا ہوگا،امر یکہ خود افغانستان میں دہشت گردی کی جنگ ہار نے کا غصہ پاکستان پر نکال رہا ہے،امریکہ ا و ر بھارت سے کبھی کسی بھلائی کی توقع نہیں کی جاسکتی ’تبدیل کا جھوٹا نعرہ لگانیوالوں نے خیبر پختونخواہ میں احتساب کو تالے لگا رکھے ہیں اور کر پشن کرنیوالوں کو بنی گالابچا رہا ہے ‘ملک میں سینٹ کے بعدعام انتخابات بھی اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔ پارٹی قائدین اور میڈیا کے نما ئندوں سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا فرقہ واریت ملک و قوم کیلئے زہر قاتل ہے باہمی یکجہتی سے ہی ملک کو مسائل سے نکالا جا سکتا ہے ۔ ا ستعما ر کیخلاف ہماری جنگ جاری ہے ،ہمارے آبا نے جو راستے ہمارے لئے متعین کئے ہم انہی راستوں پر ہیں، ملک اور دین کے مسائل کی خاطر ہم ایک ہیں ، ہم نے اسی اتحاد کے ذریعے بڑی سازشوں کو ناکام بنایا یہ اتحاد آج بھی قائم ہے اور ہم اپنی جنگ جیت رہے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ آئین وقانون اور جمہوریت کا ساتھ دیا ہے اور آج بھی ہم ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی کی بات کر رہے ہیں اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ تمام تر سازشوں کے باوجود ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے اور منفی پروپگنڈ ہ کر نیوالوں کو مایوسی کے سواکچھ نہیں ملے گا۔