نواز شریف پر جوتا اچھالنا سازش، تحقیقات کرکے ماسٹر مائنڈ منظر عام پر لایا جائے ، راغب نعیمی
لاہور( جنرل رپورٹر)جامعہ نعیمیہ کے مہتمم علامہ راغب نعیمی نے نواز شریف پر جوتا اچھالنا سازش ہے،واقعے کی مکمل تحقیقات ، اس کا پلا ن بنانے اوراس پر عمل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔راغب نعیمی نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی ایجنسیز سے مطالبہ ہے کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کر کے سازش اور اس کے ماسٹر مائنڈ کومنظر عام پر لائیں ،نواز شریف نے ختم نبوت کے معاملے پر بات کرنا تھی اورعین ممکن ہے کہ ان کی جانب سے راجہ ظفر الحق کی رپورٹ کو منظر عام پر لانے کااعلان بھی کر دیا جاتا،نواز شریف کو جامعہ میں منعقدہ تقریب میں مدعو کرنے کے معاملے پر اساتذہ اور طلبہ میں کوئی تقسیم نہیں تھی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سیمینار کے دوران نواز شریف پر جوتا پھینکنے کاواقعہ رونما ہونے کے بعد علماء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ راغب حسین نعیمی نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ اختلاف رائے ہوسکتا ہے لیکن اس کا اس طرح اظہار کسی طرح بھی قابل قبول نہیں ۔ نواز شریف کے بزرگوں کا جامعہ نعیمیہ سے بڑا گہرا تعلق رہا ہے اور دونوں خاندانوں کے تعلقات ستر سالوں پر محیط ہیں اگر کو ئی سمجھتا ہے کہ اس طرح یہ تعلقات ختم ہوسکتے ہیں تو یہ ان کی خام خیالی ہے ، اس واقعہ سے ان تعلقات پر کوئی اثرنہیں پڑے گا۔ نواز شریف اس ملک کے سابق وزیر اعظم رہے ہیں بلکہ جامعہ نعیمیہ کے سابق طالبعلم بھی ہیں ،نواز شریف ہمارے مہمان او رہم ان کے میزبان تھے اور جو واقعہ پیش آیاہے یہ قطعاًاسلام کی سوچ نہیں ۔