صادق سنجرانی زرداری اور گیلانی کے قریبی دوست نکلے

صادق سنجرانی زرداری اور گیلانی کے قریبی دوست نکلے

اسلام آباد(آئی این پی )تحریک انصاف اور بلوچستان سے آزاد سینیٹرز کے گروپ کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کیلئے نامزد صادق سنجرانی سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی دوست نکلے ۔ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے امید و ا ر صادق سنجرانی ،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادوں موسیٰ گیلانی اور قادر گیلانی کے قریبی دوست بھی ہیں ۔ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے صادق سنجرانی کو اپنا کوآرڈینیٹر مقرر کیا تھا ۔ صادق سنجرانی وزیراعظم سیکرٹر یٹ میں پبلک ونگ کے سربراہ تھے ۔ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی موجودہ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کے بھی قریبی دوست ہیں ۔ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں صادق سنجرانی کی سفارش پر موجودہ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کو چیف سیکرٹری بلوچستان تعینات کیا گیا تھا۔ سینیٹ الیکشن کے فوری بعد آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی قیوم سومرو بھی صادق سنجرانی کی ہی دعوت پر بلوچستان گئے تھے ۔ پی پی پی کے دور حکومت میں پرنسپل سیکرٹری اختر لاشاری بھی صادق سنجرانی کے قریبی دوست ہیں ۔اختر لاشاری پیپلزپارٹی کے دور حکومت ختم ہوتے ہی بیرون ملک چلے گئے تھے ۔

مزید : صفحہ اول