ادویات خریداری میں ڈیڑھ ارب سے زائد کی خرد برد، معاملہ سندھ اسمبلی پہنچ گیا

ادویات خریداری میں ڈیڑھ ارب سے زائد کی خرد برد، معاملہ سندھ اسمبلی پہنچ گیا

کراچی (این این آئی) سندھ میں ادویات کی خریداری میں مبینہ ڈیڑھ ارب سے زائد کی خرد برد کا معاملہ سندھ اسمبلی پہنچ گیا۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے سرکاری اسپتالوں کے لئے ادویات کی خریداری میں مبینہ ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی خرد برد کے معاملے پر تحریک التوا سندھ اسمبلی میں جمع کرائی تھی جو آج اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل ہے تحریک التوا پر بحث کا امکان ہے تاہم خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ اس اہم تحریک کا بھی پرانی تحریکوں کی طرح حال ہونا ہے حکومت اکثریت بلبوتے پر تحریک التوا کو مسترد کردیگی۔ سندھ اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے پر دیگر عوامی نوعیت کے مسائل بھی موجود ہیں جن میں حزب اختلاف کے ارکان کے توجہ دلاو نوٹس شامل ہیں ٹھٹھہ کی تاریخی شاہجہان مسجد کی خستہ حالی، صوبے میں پولیو کے کیسز، کلفٹن کے مختلف علاقوں میں مساجد، اسکولوں اور دیگر عبادت گاہوں کے اطراف شراب کی فروخت سمیت دیگر معاملات شامل ہیں۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی عبدالباری پتافی کی جانب سے اسمبلی رکنیت کا حلف بھی اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ وہ سندھ اسمبلی کی نشست سات گھوٹکی سے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں۔

مزید : علاقائی