ڈپٹی کمشنر دیر بالا نے ہاتن درہ سکول کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا نوٹس لے لیا

ڈپٹی کمشنر دیر بالا نے ہاتن درہ سکول کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا نوٹس لے لیا

دیر ) نمائندہ پاکستان ( ڈپٹی کمشنر دیر بالا عثمان محسود نے گذشتہ روز ہاتن درہ جامع مسجد میں ایک کھلی کچہری لگائی جس میں لوگوں نے تعلیم ، صحت ،بجلی اور پینے کے پانی کی سہولیات کی قلت کے بارے میں شکایات پیش کئیں ۔ اس موقع پر قومی تعمیر نو کے محکموں کے ضلعی سربراہوں ، بلدیاتی اداروں کے ناظمین ، نائب ناظمین سمیت عمائدین علاقہ اور لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔دپٹی کمشنر نے تقریر کرتے ہوئے کہا۔ کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام اور حکام کے درمیان قریبی رابطہ کو فروغ دینا ہے۔ تاکہ عوام بلاجھجک اپنے مسائل اور شکایات سے متعلقہ حکام کو براہ راست اگاہ کر سکیں اور اس کے حل کے لئے مقامی سطح پر اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔ عثمان محسود نے اس موقع پر بعض شکایات پر موقع ہی پر ضروری احکامات جاری کئے ۔ اور بعض درخواستوں کو ضروری کاروائی کے لئے متعلقہ حکام کے حوالے کیا ۔ اور انہیں ہدایت کی ۔کہ فی الفور ان کے ازالے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے قبل ازیں ہاتن درہ سکول کی تعمیر میں ناقص میڑیل کے استعمال سے متعلق شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے فوری طور پر تعمیراتی کام بند کردیا اور متعلقہ ٹھیکیدار کو کھلی کچہری میں طلب کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسی بھی سرکاری تعمیراتی کام میں ناقص میڑیل کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ۔ کہ وہ تعمیراتی کاموں کی خود نگرانی کریں اور شکایات کی صورت میں فوری طور پر انہیں اگاہ کریں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر