عالمی میری ٹائم دفاعی نمائش ،پاکستان بحریہ کے جہازوں کی دوحہ آمد

عالمی میری ٹائم دفاعی نمائش ،پاکستان بحریہ کے جہازوں کی دوحہ آمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) دوحہ انٹرنیشنل میری ٹائم دفاعی نمائش میں شرکت کے لیے پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس ہمت اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا جہاز بسول دوحہ پہنچ چکے ہیں۔پاکستان کے اس بحری بیڑے کی قیادت کموڈور محمد فیصل عباسی بطور مشن کمانڈر کر رہے ہیں جو پاک بحریہ کے 25ویں ڈسٹرائر اسکواڈرن کی کمانڈبھی کر رہے ہیں ۔دنیا بھر سے بحری افواج اور سکیورٹی ایجنسیز ہر دوسال بعد اس عالمی نمائش کی میزبانی کرتی ہیں۔پاک بحریہ جدید اور مقامی سطح پر تیار کئے جانے والے جہازوں کے ساتھ اس نمائش میں باقائدگی کے ساتھ شریک ہوتی ہے۔اس نمائش میں شرکت کرنے والے پاکستان کے دونوں جہازوں کا پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی میں شمولیت کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ جدید ترین ہتھیاروں اور سنسرز سے لیس پی این ایس ہمت ، عظمت کلاس فاسٹ اٹیک کرافٹ ہے جو کہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تیار کی گئی۔مقامی سطح پر تیار کیا جانے والا حربہ میزائل سسٹم بھی اس فاسٹ اٹیک کرافٹ پر نصب ہے جو مختلف النوع خطرات سے بھر پور حالات میں مختلف نوعیت کے ٹاسک سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا جہاز بسول، ہنگول کلاس جہاز ہے جو مختلف آپریشنز کے لیے استعمال ہوتا ہے۔یہ جہاز چین میں تیار کیا گیا جو میر ی ٹائم نگرانی کے جدید سسٹم سے لیس ہے، یہ جہاز سمندر میں میری ٹائم قانون کی عملداری اور سرچ اینڈ ریسکیو کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...