صوبائی دارالحکومت ، مختلف علاقوں میں منی بسنت منائی گئی،پولیس خاموش تماشائی

صوبائی دارالحکومت ، مختلف علاقوں میں منی بسنت منائی گئی،پولیس خاموش تماشائی

لاہور ( خبرنگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب منی بسنت منائی گئی ،مقامی تھانوں کی پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب مختلف علاقوں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا ، شہری چھتوں پر چڑھ کر پتنگ بازی کرتے رہے ،پولیس پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔ جن علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا ان میں گرین ٹاؤن، ٹاؤن شپ ، ہنجر وال ، سبزہ زار ، کاہنہ ، کوٹ لکھپت ، لیاقت آباد، غالب مارکیٹ ،اچھرہ، وحدت کالونی ، شیر اکوٹ ، سمن آباد، ساندہ ، گجر پورہ ، قلعہ گجر سنگھ ، شالیمار ، گڑھی شاہو، ٹبی سٹی ،اکبری گیٹ ، لوہاری گیٹ ، شفیق آباد ، راوی روڈ ، ہربنس پورہ، باغبانپور، فیکٹری ایریا ، غازی آباد ، شمالی چھاؤنی ، جنوبی چھاؤنی ، ڈیفنس بی سمیت دیگر علاقوں میں شہری گذشتہ روز بھی دن بھر چھتوں پر چڑھ کر پتنگ بازی کرتے رہے ۔ پولیس کسی بھی پتنگ باز کو گرفتار نہ کر سکی ۔ واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کی جانب سے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ پتنگ بازی پر پابندی کو یقینی بنائیں مگر ایسا ممکن نہ ہو سکا ۔

مزید : علاقائی