52 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھالیا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب بھی آج ہوگا

52 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھالیا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب بھی آج ...
52 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھالیا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب بھی آج ہوگا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایوان بالا سینیٹ کے 52 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا جبکہ اسحاق ڈار بیرون ملک ہونے کے باعث حلف نہ اٹھا سکے۔

سیکرٹری سینیٹ کی زیرصدارت ایوان بالا کے اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ سیکرٹری سینیٹ نے قواعد کے مطابق صدارت کی ذمہ داری پریذائیڈنگ افسر سردار یعقوب ناصر کو سونپی۔ سردار یعقوب ناصر نے نومنتخب 52 ارکان سے حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد نو منتخب ممبران نے سینیٹ رول آف ممبرز اور حاضری رجسٹر پر دستخط کیے۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بیرون ملک ہونے کے باعث حلف نہیں اٹھا سکے جبکہ مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر اسد اشرف نے نہال ہاشمی کی خالی نشست پر حلف اٹھایا ہے۔ اسحاق ڈار سمیت 52 سینیٹرز 6 سال کےلئے ملک کے ایوان بالا کے رکن بن گئے ہیں جبکہ ڈاکٹر اسد اشرف 3 سال کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بھی آج ہوگا۔ پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور بلوچستان پینل کی طرف سے صادق سنجرانی چیئرمین جبکہ سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار ہیں۔ دوسری جانب (ن) لیگ کی جانب سے راجہ ظفرالحق چیئرمین اور عثمان کاکڑڈپٹی چیئرمین کے امیدوار ہیں، شام 4 بجے دونوں عہدوں پر خفیہ رائے شماری ہوگی۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد