سوہائے علی ابڑو کی فلم’’ موٹر سائیکل گرل ‘‘20 اپریل کو ریلیز کرنے کا اعلان
لاہور(آن لائن)پاکستانی اداکارہ سوہائے علی ابڑو کی آنے والی فلم ’’ موٹر سائیکل گرل ‘‘کو رواں برس 20 اپریل کو ریلیز کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سوہائے علی ابڑو جلد ہی سکرین پر ایک ایسی نوجوان لڑکی کے روپ میں نظر آئیں گی، جو فرسودہ روایات کو توڑتے ہوئے کم عمری میں موٹر سائیکل پر دشوار سفر کرتی ہیں۔خیال رہے کہ ’’موٹر سائیکل گرل ‘‘کی کہانی 20 سالہ پاکستانی لڑکی زینتھ عرفان کی زندگی پر مبنی ہے، وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے 20 سال کی عمر میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں موٹر سائیکل پر سفر کیا۔
زینتھ عرفان نے موٹرسائیکل پرکیے گئے اپنے سفر کو ون گرل ٹو ویلز میں شیئر کیا، ان کے اس بلاگ کو سی این این اور نیویارک ٹائمز نے بھی شائع کیا، جس کے بعد انھیں عالمی سطح پر شہرت ملی۔زینتھ عرفان کی اسی بہادری پر ہدایت کار عدنان سرور نے 2017 کے ااغاز میں فلم بنانے کا اعلان کیا، مئی 2017 میں انھوں نے موٹرسائیکل گرل کے لیے سوہائے علی ابڑو کا انتخاب کیا۔