پی ایس ایل کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا

Mar 12, 2024 | 10:53 AM

 کراچی (ویب ڈیسک)  نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ کے جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا۔پیر کو نیشنل سٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ کے دوران جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والا افغان باشندہ پکڑا گیا جس کے پاس سے 37 جعلی ٹکٹ برآمد ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی کے سکیورٹی عملے نے جعلی ٹکٹ رکھنے والے سات افراد کو بھی دھر لیا، جعلی ٹکٹ خریدنے والوں نے پوچھ گچھ پر  فروخت کرنے والے کی نشان دہی کی جو افغان باشندہ نکلا اور اپنا نام علی بتایا۔پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، واضح رہے کہ اتوار کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ کے دوران بھی  جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے کو پکڑا گیا تھا۔

دریں اثنا سٹیڈیم میں موجود ٹکٹ فروخت کرنے والے ادارے کے حکام کا کہنا تھا کہ جعلی ٹکٹ والا انکلوژرز میں داخل نہیں ہوسکتا، داخلے کے وقت اسکین کے دوران جعلی ٹکٹ پکڑا جاتا ہے۔ادھر نیشنل بنک سٹیڈیم حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی سرکوبی کی جائے گی جبکہ مسلسل دو روز جعلی ٹکٹ فروخت کرنے کے واقعات کے بعد سٹیڈیم میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی۔

مزیدخبریں