لندن میں بھارتی شہریوں کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کے خلاف آن لائن مہم شروع

لندن میں بھارتی شہریوں کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کے خلاف آن لائن مہم شروع

لندن (اے پی پی)برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ”ہندوستانیوں کے ساتھ کوڑے جیسا سلوک بند کرو“ جیسے سخت الفاظ کے ساتھ بھارتی ہائی کمیشن کے خلاف آن لائن مہم شروع کی گئی ہے۔برطانوی ریڈیو کے مطابق اس آن لائن پیٹیشن یا عرض داشت میں الزام لگایا گیا ہے کہ ہائی کمیشن کی ویب سائٹ پر مکمل معلومات فراہم نہیں کی جاتی، آن لائن اپوائنٹمنٹ کا نظام نہیں ہے اور وہاں کام کرنے والے لوگوں کا رویہ ٹھیک نہیں ہے۔

 بہت سے لوگوں کی شکایت ہے کہ ہائی کمیشن میں ان کا تجربہ بہت ہی تلخ تھا۔ لوگ سخت تنقید بھی کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ’لوگوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک بند کیا جانا چاہیے‘، ’بھارتی ہائی کمیشن جانا جہنم جانے کے مترادف ہے جس سے ہمیشہ بچنا چاہیے۔ لندن میں ’سٹاپ ٹریٹنگ انڈینز لائک گاربیج‘ نامی اس آن لائن مہم کی پہل ارون اشون نے کی ہے اور انھوں نے بھارتی ہائی کمیشن، بھارت کے وزیر خارجہ سلمان خورشید اور امیگریشن معاملات کے وزیر کو اس سلسلے میں خطوط لکھے ہیں۔ برطانیہ میں لاکھوں بھارتی باشندے رہتے اور ان میں سے بہت سے لوگوں کا کسی نہ کسی وجہ سے بھارتی ہائی کمیشن سے سابقہ پڑتا رہتا ہے۔

مزید : عالمی منظر